بھٹکل 29/ مئی (ایس او نیوز) پچھلے کئی دنوں سے بھٹکل تعلقہ کے دیہاتوں میں کورونا پوزیٹیو معاملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس پس منظر میں رکن اسمبلی سنیل نائک نے شیرالی، ہیبلے، ماولّی ۲ اور کائکینی گرام پنچایت کے علاقوں میں تعینات ٹاسک فورس کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور درپیش صورت حال کا جائزہ لیا۔
سنیل نائک نے پی ڈی او اور پنچایت صدور سے اپنے اپنے علاقوں میں کورونا پوزیٹیو افراد کی کیفیت، ہوم آئسولیشن میں رہنے والوں کی صورت حال وغیرہ سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کے بعد ہدایت دی کہ کورونا پر قابو پانے کے لئے لاک ڈاون قوانین اور کووڈ گائڈ لائنس پر مکمل عمل در آمد کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ ضرورت محسوس ہونے پر متاثرین کو کووڈ کیئر سینٹر میں منتقل کیا جائے۔ انتہائی ضروری حالت کے سوا دوسرے کسی بھی کام کے لئے لوگوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے دیا جائے۔ اس کے علاوہ جانچ رپورٹ پوزیٹیو آنے والوں کو کسی طرح کے خوف میں مبتلا نہ ہونے دیا جائے۔ لوگوں کو اس بات پر آمادہ کیا جائے کہ ابتدائی علامات دکھائی دینے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع ہوکر علاج و معالجہ کریں تاکہ کسی قسم کی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
اس میٹنگ میں تعلقہ پنچایت سی ای او پربھاکر چکمنے، نوڈل آفیسرس، گرام پنچایت صدور، نائب صدور، اراکین، آشا اور آنگن واڈی کارکنان، محکمہ صحت سے متعلقہ عملہ اور پولیس بیٹ سے متعلق اہلکار وغیرہ موجود تھے۔